بھارتی لوک سبھا نےبھی مقبوضہ کشمیر کےاسٹیٹس کو تبدیل کرنےکےبل کی منظوری دے دی، اپوزیشن کا احتجاج

لوک سبھا میں مذکورہ متنازع بل کے حق میں 367 جبکہ مخالفت میں صرف 67 ووٹ پڑے جبکہ پارلیمنٹ میں کوئی بھی رکن پارلیمنٹ غیر حاضر نہیں تھا

1249142
بھارتی لوک سبھا نےبھی مقبوضہ کشمیر کےاسٹیٹس کو تبدیل کرنےکےبل کی منظوری دے دی، اپوزیشن  کا احتجاج

بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لیے ’جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن بل 2019‘ بھاری رائے شماری سے منظور کرلیا گیا۔

بل کیخلاف اپوزیشن ارکان کا شدید احتجاج کیا۔

لوک سبھا میں مذکورہ متنازع بل کے حق میں 367 جبکہ مخالفت میں صرف 67 ووٹ پڑے جبکہ پارلیمنٹ میں کوئی بھی رکن پارلیمنٹ غیر حاضر نہیں تھا۔

یاد رہے گذشتہ روز راجیہ سبھا میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل370 ختم کرنے کا بل پیش کیا تھا ۔

خیال رہے کہ لوک سبھا میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اکثریت حاصل ہے۔

واضح رہے کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے پر بھارتی وزیر داخلہ نے اسے ’تاریخی‘ فیصلہ قرار دیا جس کے تحت مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا براہ راست کنٹرول ہوگا۔

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل راجیا سبھا میں پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ صدر نے بل پر دستخط کر دیئے ہیں۔

کانگریس رہنما منیش تیواڑی نے خطاب میں مودی سرکارسے سوال کیا کشمیر اندرونی معاملہ ہے یا عالمی، انیس سواڑتالیس سے اقوام متحدہ کشمیر میں مانٹرینگ کررہا ہے، کشمیرسے متعلق شملہ معاہدہ اورلاہورمعاہدہ ہوا۔

کانگریس رہنما راہول گاندھی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے غلط استعمال سے ہماری قومی سلامتی پر بہت سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

راہول گاندھی نے اپنے ایک ٹویٹ میں مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں منتخب نمائندوں کو قید کرنا بھارتی آئین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو زمین کے ٹکڑوں نے نہیں، وہاں کے لوگوں نے بنایا ہے، مقبوضہ و جموں کشمیر کی تقسیم سے قومی اتحاد کو تقوت نہیں ملے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امرندر سنگھ نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

امرندر سنگھ کا کہنا تھا کہ کشمیر پر آرٹیکل 370 ختم کرنا غیرآئینی عمل ہے، مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی آئین میں تبدیلی غیرقانونی ہے۔

 

 



متعللقہ خبریں